25 جنوری 2013 - 20:30

نگرانی کے کاموں کے لیے بغیر طیارے کے جاسوس طیاروں کے استعمال میں اضافے پر امریکی عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ابنا: رشیا ٹو ڈے ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تیس ہزار ڈرون طیارے دو ہزار بیس تک قومی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے امریکہ کی فضاؤں میں پرواز کریں گے۔ اس امر نے امریکہ میں لوگوں کی نجی زندگي میں مداخلت کے بارے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ نیویارک میں لباس کی ڈیزائننگ کرنے والا ایک گروپ ایسا لباس تیار کرنے کی فکر میں ہے کہ جو لوگوں کو ان طیاروں کی نطروں سے چھپا سکے۔ اس کے علاوہ ایسی ٹوپیاں بھی تیار کی جا رہی ہیں کہ جو چہرے کو چھپا لیتی ہیں۔ ان ٹوپیوں سے لوگوں کی شناخت بہت مشکل ہو جائے گی۔دوسری جانب برطانیہ میں بھی جاسوس ڈرون طیاروں کی  پروازوں میں اضافے پر سول سوسائٹی کے افراد نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔برطانیہ میں دفاعی کمپنیوں، پولیس اور بی بی سی سمیت بہت سے اداروں کو یہ اجازت مل گئی ہے کہ وہ برطانیہ کی فضاؤں میں ڈرون طیارے اڑا سکتے ہیں۔ سول سوسائٹی کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ڈرون طیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال سے لوگوں کی آزادی خطرے میں پڑ جائے گي اور برطانوی معاشرہ ایک پولیس معاشرے میں تبدیل ہو جائے گا۔۔۔۔۔۔۔/110